لاہور : جیلوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے کی مختلف جیلوں کے لیے 41 جدید ہائی ریزولوشن ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نمائندہ نیو نیوز شاہدرضوی کے مطابق یہ ڈرونز جیلوں کی فضائی نگرانی کے لیے روزانہ استعمال کیے جائیں گے تاکہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی پر مؤثر انداز میں نظر رکھی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، ڈرونز کی مدد سے ہنگامی حالات میں بہتر مانیٹرنگ ممکن ہو گی اور جیلوں کے ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈرونز چلانے کے لیے سٹاف کو خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
ڈرونز کی خریداری کے لیے 5 کروڑ روپے کے فنڈز کی سمری متعلقہ حکام نے حکومت کو ارسال کر دی ہے، جس کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔
نیو نیوز کے نمائندہ شاہد رضوی کے مطابق، یہ اقدام جیلوں کی سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس سے قیدیوں اور عملے دونوں کی حفاظت میں اضافہ ہوگا۔