بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر پیوٹن کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

05:41 PM, 2 Sep, 2025

اسلام آباد/بیجنگ :وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے بعد بیجنگ میں ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے زمینی روابط، توانائی تعاون، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی، افغانستان کی صورتحال اور یوکرین تنازع سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہاپاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات مثبت اور مضبوط ہیں، ہم ان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ قدرتی آفات اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر گہری ہمدردی ہے۔"

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا"پاک روس تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔

روسی صدر نے وزیراعظم کو ماسکو میں ہونے والے آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں ایس سی او اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں ملائیشیا، بیلاروس، آذربائیجان، ترکمانستان، کرغستان، مالدیپ کے صدور اور ترک صدر رجب طیب ایردوان شامل تھے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی غیر رسمی گفتگو کی۔

مزیدخبریں