روس سے تعلقات مہنگے پڑ گئے، سعودی و عراقی کمپنیوں نے بھارتی نیارا انرجی کو تیل دینا بند کر دیا

08:04 PM, 2 Sep, 2025

ریاض:سعودی عرب اور عراق کی تیل کمپنیوں نے بھارت کی بڑی انرجی کمپنی نیارا انرجی کو خام تیل کی فراہمی معطل کر دی ہے۔ یہ فیصلہ یورپی یونین کی جانب سے روسی حمایت یافتہ کمپنیوں پر لگائی گئی پابندیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیارا انرجی، روسی کمپنی روزنیفٹ کی پارٹنر ہے اور ہر ماہ عراق سے 20 لاکھ اور سعودی عرب سے 10 لاکھ بیرل خام تیل درآمد کرتی تھی۔

پابندیوں کے بعد دونوں خلیجی ممالک نے نیارا کو تیل کی سپلائی روک دی ہے، جس کے باعث کمپنی کو شدید بحران کا سامنا ہے۔ نیارا بھارت کی نجی شعبے کی سب سے بڑی انرجی کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بھارت کی توانائی مارکیٹ پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے اور بھارت کو دیگر بین الاقوامی سپلائرز پر انحصار بڑھانا پڑے گا۔

تاحال بھارتی حکومت اور نیارا کمپنی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزیدخبریں