سیلاب جنوبی پنجاب میں داخل، ملتان میں ڈائنامائٹ نصب، درجنوں دیہات زیرِ آب

08:16 PM, 2 Sep, 2025

ملتان:دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث سیلابی ریلا جنوبی پنجاب میں داخل ہو گیا ہے۔ ملتان میں اکبر بند کے قریب سیلابی پانی آبادیوں تک پہنچ گیا، ممکنہ شگاف ڈالنے کے لیے متعلقہ مقامات پر ڈائنامائٹ نصب کر دیے گئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق خانیوال میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر اگلے چند گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے گئے ہیں۔ کبیر والا میں 49 اور شجاع آباد میں متعدد دیہات زیرِ آب آچکے ہیں، جبکہ مظفر گڑھ، اوکاڑہ، قصور اور دیگر اضلاع میں بھی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارت کی جانب سے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں بغیر اطلاع پانی چھوڑنے کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔ جلال پور پیر والا میں دریائے چناب کی موجیں بے قابو ہو گئیں، موضع نٹرول میں عوامی بند ٹوٹنے سے فصلیں اور مکانات زیر آب آ گئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، دریائے ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ گنڈا سنگھ والا، ہیڈ تریموں، قادرآباد اور مرالہ سمیت مختلف مقامات پر لاکھوں کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں