کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ کے منتخب بیٹا صارفین کے لیے ایک نیا سیکیورٹی فیچر پیش کردیا ہے، جو مشکوک پیغامات اور ممکنہ فراڈ کی نشاندہی کرکے صارفین کو بروقت خبردار کرے گا۔
’سکیم الرٹ‘ نامی یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.34.1 میں دیکھا گیا ہے۔ اس کے ذریعے نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والے ایسے پیغامات کی نشاندہی کی جائے گی جنہیں سسٹم مشکوک تصور کرے گا۔
الرٹ موصول ہونے پر صارف کے پاس متعلقہ نمبر کو قابلِ اعتماد قرار دینے یا اسے بلاک کرکے رپورٹ کرنے کا آپشن ہوگا۔
اگر صارف کسی چیٹ کو ٹرسٹڈ قرار دیتا ہے تو وہ گفتگو کے آخری پانچ پیغامات واٹس ایپ کے ساتھ شیئر کرسکتا ہے، جس سے فیچر کی شناخت اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ سہولت بطورِ ڈیفالٹ فعال نہیں ہوگی بلکہ صارف کو اسے خود واٹس ایپ کی Settings > Account میں جاکر آن کرنا ہوگا۔
میٹا کے مطابق اس فیچر میں آن ڈیوائس مشین لرننگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کے باعث پیغامات کے مواد کو درجہ بندی کے لیے صارف کے فون سے باہر بھیجنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
فی الحال ’سکیم الرٹ‘ محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ واٹس ایپ نے عام صارفین کے لیے اس فیچر کی حتمی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔