"احتجاج کرنا ہے تو اسرائیل کے خلاف کریں": رانا ثناء اللہ نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو عالمی جنگی حالات کا نتیجہ قرار دے دیا

05:29 PM, 3 Apr, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، بلکہ یہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور عالمی توانائی کے بحران کا شاخسانہ ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عوام کو پروپیگنڈے سے بچنے اور حقائق کو سمجھنے کی اپیل کی۔
رانا ثناء اللہ نے موجودہ بحران کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا   ایران پر حملوں اور جاری جنگ کے باعث پوری دنیا کو توانائی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ دنیا بھر میں لوگ پیٹرول کے حصول کے لیے لمبی لائنوں میں لگے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان میں حکومت سپلائی برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔ حکومت پاکستان عالمی سطح پر اس جنگ کو ختم کرانے کے لیے اپنا بھرپور سفارتی کردار ادا کر رہی ہے۔
حکومتی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہاحکومت پیٹرولیم قیمتوں کا پورا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ حکومتی اقدامات کو سراہنے کے بجائے مخصوص حلقوں کی جانب سے بے جا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن اور احتجاج کی کال دینے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہااگر احتجاج کرنا ہی ہے تو اسرائیل کے خلاف کریں جس کی جارحیت نے پوری دنیا کی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے،کچھ لوگ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنے مخصوص سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، جو ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ حکومت کے خلاف احتجاج کی باتیں صرف سیاسی مقاصد کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔رانا ثناء اللہ نے عوام کو آنے والے وقت کے لیے خبردار کرتے ہوئے کہا اگر عالمی سطح پر جنگ بندی نہ ہوئی تو خدشہ ہے کہ آئندہ اس سے بھی برے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ موجودہ بحران ایک عالمی مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔

مزیدخبریں