اسلام آباد :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم گفتگو میں علاقائی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی استحکام کے لیے کشیدگی میں فوری کمی اور مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا مشترکہ عزم دہرایا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاک،چین پانچ نکاتی اقدام پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔ اسحاق ڈار نے سعودی ہم منصب کو اس سفارتی کوشش کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا جس کا مقصد خطے میں جاری محاذ آرائی کو روکنا ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور مثالی برادرانہ تعلقات کی ایک بار پھر توثیق کی۔ مستقبل میں اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا گیا۔اس رابطے کو خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، جہاں پاکستان اور سعودی عرب امن کی بحالی کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات پر زور
07:08 PM, 3 Apr, 2026