عالمی بحران کے باوجود عوام کو بڑا ریلیف؛ وزیراعظم کا پٹرول لیوی میں 80 روپے کمی اور اربوں کی سبسڈی کا اعلان

11:58 PM, 3 Apr, 2026

عالمی بحران کے باوجود عوام کو بڑا ریلیف؛ وزیراعظم کا پٹرول لیوی میں 80 روپے کمی اور اربوں کی سبسڈی کا اعلان
عالمی بحران کے باوجود عوام کو بڑا ریلیف؛ وزیراعظم کا پٹرول لیوی میں 80 روپے کمی اور اربوں کی سبسڈی کا اعلان

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے دباؤ سے عوام کو نکالنے کے لیے ایک تاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے پر آ جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ یہ فیصلے ایوانِ صدر میں ہونے والی اہم قومی مشاورت کے بعد کیے گئے، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور عسکری قیادت بھی موجود تھی۔ انہوں نے اس قومی مقصد کے لیے وسائل فراہم کرنے پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔
حکومت نے اب تک پٹرولیم مصنوعات پر مجموعی طور پر 129 ارب روپے کی خطیر سبسڈی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت درج ذیل طبقات کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک لاکھ روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار اور چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔ٹرانسپورٹ لاگت کم رکھنے کے لیے سو روپے فی لیٹر کے حساب سے خصوصی سپورٹ دی جائے گی۔
زراعت: چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد کا اعلان، غریب اور متوسط طبقے کے لیے ریلوے کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی جنگی صورتحال اور منڈیوں میں تیل کی ہوشربا قیمتوں نے دنیا کی بڑی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، لیکن وہ عام آدمی کی مشکلات سے بے خبر نہیں ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ خطے میں جنگ کا خاتمہ ہو اور امن قائم ہو تاکہ معاشی دباؤ میں کمی آ سکے۔ماہرین کے مطابق لیوی میں اتنی بڑی کمی اور ٹارگٹڈ سبسڈی سے نہ صرف سفری اخراجات کم ہوں گے بلکہ روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی استحکام آنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں