اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا میڈیا کے ذریعے عائشہ گلالئی کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا علم ہوا لیکن تحریک انصاف نے میری جماعت اور ذات پر الزامات لگائے جو بے بنیاد ہیں کیونکہ میری کبھی بھی عائشہ گلالئی سے ملاقات ہی نہیں ہوئی صرف فون پر بات کی اور انہیں صرف اتنا کہا کہ آپ نے بہادری کا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا تحریک انصاف کیجانب سے ان پر الزام لگایا کہ گورنر ہاؤس میں گلالئی کو 50 کروڑ روپے دیئے اور دوسرا بڑا الزام یہ لگایا گیا کہ عائشہ گلالئی سے عمران خان کے خلاف بیان دلوایا گیا۔ ن لیگ کو کیا ضرورت پڑی کہ گلالئی کو 50 کروڑ روپے دیکر بیان دلائے۔ امیر مقام نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کب تک آپ جھوٹ بولیں گے اور جھوٹ کی سیاست کریں گے۔ ان لوگوں کے ایسے الزامات پر انتہائی افسوس ہوا ہے اور الزام لگانے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ ان کے خلاف عدالت جاؤں گا اور پچاس کروڑ ہرجانے کا نوٹس بجھواوں گا کیونکہ میں سازش پر یقین نہیں رکھتا بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا خیبرپختونخوا میں کرپشن پوری دنیا دیکھ رہی ہے گلالئی سے کہلوانے کی کیا ضرورت ہے جبکہ خان صاحب آپ کی تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ن لیگ نہیں کیونکہ ہماری جماعت ایک مضبوط قلعے کی طرح ہے۔
امیر مقام نے کہا اگر قیادت حکم دے تو ایک ہفتے کے اندر خیبر پختونخوا کی حکومت کو گرا دوں۔ امیر مقام نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی کی 50 فیصد قیادت خود عمران خان کیخلاف ہے مجھے کچھ کرنیکی ضرورت نہیں رہی جس کو وہ کہتے تھے چپڑاسی بھرتی نہیں کروں گا اسے وزیر اعظم کا امیداور بنا دیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں