دوحہ :قطر کی کابینہ نے جمعرات کے روز بعض غیر ملکیوں کو مستقل اقامتی کارڈ زکے اجراءکے لیے ایک بل کی منظوری دے دی ہے۔
قطری کابینہ کا یہ فیصلہ چار عرب ممالک کے بائیکاٹ سے پید ا ہونے والی غیر یقینی صورت حال کے بعد کیا گیا ہے کیونکہ قطر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد بہت سے غیرملکی اس خلیجی ریاست سے واپسی کی تیاری کررہے ہیں اور بعض جا بھی چکے ہیں۔
تما م حالات کو دیکھتے ہوئے اب قطری حکومت یہ چاہتی ہے کہ پیشہ ور انہ اور بنیادی خدمات کے شعبوں میں کام کرنے والے غیرملکی ملک چھوڑ کر نہ جائیں۔
قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے کابینہ کے منظور کردہ اس بل کی تفصیل جاری نہیں کی ہے لیکن اس کے حوالے سے دستیاب معلومات کے مطابق جن غیر ملکیوں کو مستقل اقامتی کارڈ جاری کیے جائیں گے،انھیں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قطریوں جیسی ہی سہولتیں حاصل ہوں گی۔نیز انھیں قطریوں کے بعد فوج اور سول محکموں میں ملازمتوں میں بھی ترجیح دی جائے گی۔
تاہم بعض مبصرین کی رائے ہے کہ قطر کے اس اقدام کا مقصد خلیجی عرب ممالک کے ساتھ جاری بحران میں عالمی حمایت حاصل کرنا ہے۔ واشنگٹن کے مرکز برائے تزویراتی اور بین الاقوامی مطالعات سے وابستہ ایک تجزیہ کار انتھونی کارڈزمین کا کہنا ہے کہ” قطر کا یہ قانون شب بھر میں ہی موثر ہونے نہیں جارہا ہے۔ہمیں اس نئے قانون کے نفاذ کو دیکھنا اور انتظار کرنا ہوگا“۔
قطر نے بعض غیر ملکیوں کو مستقل اقامتی کارڈ زکے اجراءکابل منظور کر لیا
09:40 PM, 3 Aug, 2017