ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پرتپاک استقبال

11:36 AM, 3 Aug, 2025

اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے ملاقات کی اور مصافحہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور ایرانی صدر کے اعزاز میں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کا انہوں نے معائنہ بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنی کابینہ کے ارکان سے متعارف کرایا، جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔ بعد ازاں ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک پودا بھی لگایا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون، توانائی، تجارت اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی۔ اس موقع پر مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ شام کو ایرانی صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات متوقع ہے، جس کے بعد عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور تعاون کو فروغ دینے کا اہم موقع ہے۔

مزیدخبریں