اسلام آباد : وفاقی حکومت نے حج 2025 کے لیے غیر رجسٹرڈ عازمین کو بھی درخواستیں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کے خدشے کو کم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ساڑھے چار لاکھ رجسٹرڈ عازمین میں سے صرف سوا لاکھ کے کوٹے کی تکمیل ممکن نظر آ رہی ہے، اس لیے وزارت مذہبی امور نے غیر رجسٹرڈ افراد کو بھی درخواست دینے کا موقع دینے کا اعلان کیا ہے۔
رجسٹرڈ عازمین کی درخواستیں 4 اگست سے 9 اگست تک وصول کی جائیں گی، جبکہ غیر رجسٹرڈ عازمین کی درخواستیں 11 سے 16 اگست تک وصول کی جائیں گی۔ درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر دی جائیں گی۔
حج کے مختلف پیکجز کے تحت 38 سے 42 روزہ حج کے لیے فیس 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 20 سے 25 روزہ مختصر حج کے لیے پہلی قسط ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانا ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔