اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں 13 معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پا گئی ہیں۔ ان معاہدوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور ایرانی صدر اپنے وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران پاکستان اور ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون کے علیحدہ معاہدے کیے۔ سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثے کے تبادلے کے لیے بھی اہم معاہدہ طے پایا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، میٹرالوجی اور قدرتی آفات سے نمٹنے جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر بھی دستخط کیے گئے۔
فریقین نے میری ٹائم سیفٹی، فائر فائٹنگ، عدالتی معاونت اور اصلاحاتی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے، جبکہ 2013 میں طے پانے والے ایئر سیفٹی معاہدے کے تحت ایک ذیلی ایم او یو بھی تبادلے میں شامل رہا۔
معاہدوں میں مصنوعات کے معیارات پر عملدرآمد، سیاحتی و ثقافتی تعاون کو بڑھانے اور پاکستان-ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی تیاری کا معاہدہ بھی شامل ہے۔
یہ تمام معاہدے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات، علاقائی تعاون، اور مشترکہ ترقی کی طرف اہم قدم تصور کیے جا رہے ہیں۔