اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج آنے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا شروع کر دیا تھا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میرپور میں شکست کے بعد پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا شور مچایا، جبکہ انہیں یہ یقین بھی نہیں تھا کہ وہ تین نشستوں پر کامیاب ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستیں جیت سکی۔ ان کے بقول ان نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے مبارکباد بھی پیش کی۔