فی الحال کوئی بات چیت نہیں ہو رہی:ایران کی امریکا سے مذاکرات کی خبروں کی تردید

02:40 PM, 3 Aug, 2026

تہران: ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ اس وقت کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہو رہی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کبھی بھی جنگ سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں آئے گی۔

اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا کہ خطے میں ہونے والے تمام واقعات کا ذمہ دار امریکا ہے اور جب تک امریکی جارحیت جاری رہے گی، موجودہ صورتحال برقرار رہے گی۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور قطر مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے کوئی نیا ثالث موجود نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کشیدگی کم کرنے میں مدد کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ قطر بھی ضرورت کے وقت اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

مزیدخبریں