عمران خان حکومت کی سونامی سے ہر طرف تباہی آ رہی ہے، خورشید شاہ

عمران خان حکومت کی سونامی سے ہر طرف تباہی آ رہی ہے، خورشید شاہ
کیپشن: دیواریں گرانے جیسے نمائشی اقدامات محض سستی شہرت ہیں، خورشید شاہ

لاہور: گورنر ہاؤس کی دیوار گرانے پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کی سونامی سے ہر طرف تباہی آ رہی ہے۔ پہلے معیشت تباہ کی اور اب قومی ورثے تباہ کر رہے ہیں۔ کیا بچگانہ سوچ ہے کہ دیوار گرا کر جنگلے لگائیں گے جبکہ سوچے سمجھے بغیر کیے جانے والے حکومتی فیصلوں سے خوف آ رہا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ تاریخی عمارتیں گرائی نہیں محفوظ کی جاتی ہیں اور اپنے کہے پر عمل کرنا ہوتا تو 100 دنوں میں وزیراعظم ہاؤس میں تعلیمی ادارہ ہوتا۔ یہ اپنے اعلانات کا مان رکھتے  وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤس میں رہائش ہی نہ رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ دیواریں گرانے جیسے نمائشی اقدامات محض سستی شہرت ہیں اور عمران خان کو احساس ہی نہیں کہ حکمرانی کتنی بڑی ذمہ داری ہے تاہم سلیکٹ کرنے والوں کو جلد احساس ہو جائے گا کتنی بڑی غلطی کر بیٹھے۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان گرتی معیشت کو سنبھالیں ورنہ ان کی حکومت نہیں سنبھلے گی۔