میراڈونا کی تحفہ میں دی ہوئی گھڑی کی ہمیشہ حفاظت کروں گا:رونالڈو

I will always protect the watch given to me by Maradona: Ronaldo

ریوڈی جنیرو: برازیل کے سابق فٹ بالر رونالڈو نے کہا ہے کہ میرا ڈونا بہترین دوست تھے ان کی تحفہ میں دی ہوئی گھڑی کی ہمیشہ حفاظت کروں گا۔


 تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران برازیل کے سابق سٹار فٹ بالر رونالڈو نے ڈیاگو میراڈونا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میراڈونا کی فٹ بال کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ان کی موت کی خبر میرے لئے بے حد افسوس ناک تھی۔


 انہوں نے کہا کہ برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیمیں گراﺅنڈ میں سخت حریف تھیں لیکن میراڈونا کے ساتھ بہترین دوستی تھی۔ رونالڈو نے کہا کہ میراڈونا ہمیشہ دونوں کلائیوں میں گھڑیاں پہنتے تھے تو ان سے اس کی وجہ پوچھی تو میراڈونا نے کہا کہ انہیں یہ دونوں گھڑیاں بیٹی نے تحفے میں دی ہیں۔


 اس وقت سے میں نے یہ گھڑیاں نہیں اتاریں۔کچھ دیر بعد میراڈونا نے اپنی ایک گھڑی اتارکر مجھے بطور تحفہ دے دی۔ رونالڈو نے کہا کہ شہرہ آفاق کھلاڑی میراڈونا کی دوستی کی نشانی کے طور پر میں ہمیشہ اس گھڑی کی حفاظت کروں گا۔