میں نے 8 جنگیں رکوائیں، روس-یوکرین جنگ بھی جلد ختم ہوگی ، صدر ٹرمپ

10:32 AM, 3 Dec, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے کابینہ اجلاس میں اہم دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اپنی صدارت کے دوران 8 جنگوں کو رکوایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ روس-یوکرین جنگ کو بھی ختم کراتے ہیں تو انہیں نوبل امن انعام ملنا چاہیے، کیونکہ اس سے پہلے کئی جنگوں کو ختم کرانے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔

ٹرمپ نے کہا، "میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی اور 9 ماہ میں 8 جنگوں کو رکوایا۔ اب صرف ایک جنگ کو ختم کرنا باقی ہے اور مجھے یقین ہے کہ روس-یوکرین جنگ بھی جلد ختم ہوگی۔" انہوں نے مزید کہا کہ جنگوں کے باعث ہونے والی اموات سے انہیں گہری تشویش ہوتی ہے اور روس-یوکرین جنگ میں گزشتہ ماہ 27 ہزار افراد کی ہلاکت نے انہیں مزید فکر مند کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ "میں نوبل امن انعام کے بارے میں لالچی نہیں ہوں، لیکن یہ حقیقت ہے کہ میں نے کئی جنگیں رکوائیں اور مجھے اس کے لیے تسلیم کیا جانا چاہیے۔" ان کا کہنا تھا کہ نوبل انعام پانے والی ایک معروف خاتون نے بھی انہیں امن کے نوبل انعام کا حقدار قرار دیا ہے۔

معاشی کامیابیوں کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں گزشتہ دس ماہ میں 18 ٹریلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور ملک کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو بدترین مہنگائی کی وراثت ملی تھی لیکن انہوں نے دوائیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔

ٹرمپ نے اپنے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ وہ ملکی سلامتی اور معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کریں تاکہ امریکا عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر سکے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت میں مختلف عالمی مسائل پر فعال کردار ادا کرنے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن ان کے اقدامات اور بیانات پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ روس-یوکرین جنگ کے حوالے سے ان کے دعوے کتنے حقیقت پر مبنی ہیں اور عالمی سطح پر ان کی اس کوشش کو کس طرح تسلیم کیا جائے گا۔

مزیدخبریں