پاکستان میں خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے: صدر زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف

11:31 AM, 3 Dec, 2025

اسلام آباد :  صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ خصوصی افراد کی قومی زندگی میں مکمل شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور وہ ہر سطح پر ان کی شمولیت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت خصوصی افراد کے حقوق و وقار کے تحفظ کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "خصوصی افراد کے لئے رسائی، تعلیم اور صحت کے اقدامات جاری ہیں، اور ہم انہیں بہتر روزگار، نقل و حرکت اور سماجی تحفظ کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ معاشرے کا مطلب یہ ہے کہ ہر فرد کو یکساں سہولتیں فراہم کی جائیں، اور خصوصی افراد کے لیے جسمانی، سماجی، اور رویوں پر مبنی رکاوٹیں دور کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدر نے مزید کہا کہ "خصوصی افراد کی تعلیم، کاروبار اور ترقی میں شمولیت قومی مستقبل کے لیے اہم ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد ہماری اجتماعی قوت اور استقامت کا حصہ ہیں اور ہمیں ایک ایسا پاکستان قائم کرنا ہوگا جو ہر فرد کے لئے قابلِ رسائی اور شمولیت کا حامل ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خصوصی افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ "پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج اس دن کو اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور ان کی تمام شعبوں میں شمولیت قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔" انہوں نے کہا کہ "آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور شمولیت کی ضمانت دیتا ہے، اور خصوصی افراد معاشرتی اساس کا کلیدی حصہ ہیں۔" وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی جسمانی کمی کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کی ذہنی صلاحیتوں اور حقوق کو محدود کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایکٹ اور قوانین موجود ہیں، جن کے ذریعے ان افراد کو ضروری قانونی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "حکومت نے خصوصی افراد کے لیے معذوری کے سرٹیفیکیٹ، طبی معائنہ، ہنر مندی کی تربیت، اور مخصوص کوٹہ کے تحت ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ "تاہم، ان کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔"

وزیراعظم نے خصوصی افراد کے حقوق کی کونسل اور وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان اداروں کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے عوام، صوبائی حکومتوں، اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ مل کر ایک ایسے پاکستان کی طرف قدم بڑھائیں، جہاں خصوصی افراد اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک فعال اور معاون معاشرے کا حصہ بن سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ "کسی بھی امتیازی سلوک سے پاک معاشرہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہمیں اپنی مکمل توانائی کو اس بات میں صرف کرنا چاہیے کہ ہم خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ میں پوری طرح کامیاب ہوں۔"

مزیدخبریں