وزیراعلیٰ پنجاب نے امام مسجد کے اعزازیہ کارڈ کی منظوری دے دی

11:15 AM, 3 Dec, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر میں امام مسجد کے لیے اعزازیہ کارڈ کے اجراء کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ اعزازیہ کارڈ یکم جنوری 2026 سے فعال ہوگا اور آئمہ کرام کو پہلی مرتبہ پے آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ کرام کے اعزازیہ کی ادائیگی یکم فروری 2026 سے "وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب" کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے لیے ایک ڈیڈ لائن بھی مقرر کی گئی ہے جو فروری 2026 تک ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل جاری رکھا جائے اور اس کے لیے صوبے بھر میں 62994 رجسٹریشن فارم وصول کئے جا چکے ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو امام مسجد ملک و قوم کے مفادات کے خلاف یا اخلاقی و مالی جرائم میں ملوث پائے گئے، ان کا اعزازیہ بند کر دیا جائے گا۔

صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ امام مسجد کے مسائل اور ضروریات کو بہتر طور پر حل کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ امام مسجد کو مدعو کر کے ملاقات کریں، تاکہ ان کے مسائل اور تجاویز کو براہِ راست سنا جا سکے۔

اجلاس میں سیف سٹی کیمروں کے حوالے سے قانون سازی کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فورتھ شیڈول میں شامل جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان افراد کی نگرانی اور ان کے خلاف کارروائی مزید موثر بنائی جائے گی۔

مزیدخبریں