کراچی : پاکستان میں فلکیات کے شائقین کے لیے ایک شاندار موقع 4 اور 5 دسمبر 2025 کی درمیانی رات آئے گا، جب سال کا آخری سپر مون واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔ سپارکو کے مطابق یہ سپر مون اس وقت ہوگا جب چاند اپنے بیضوی مدار میں زمین کے قریب ترین نقطے پر پہنچے گا اور اسی وقت مکمل طور پر روشن بھی ہوگا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ چاند عام دنوں کے مقابلے میں 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
سپارکو کے اعلامیے کے مطابق، سپر مون 4 دسمبر کی شام 4 بج کر 58 منٹ پر 99.2 فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا۔ 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر یہ اپنے عروج پر پہنچے گا، جس وقت اس کی روشنائی 99.8 فیصد تک ہو گی۔ اس دوران چاند کا زمین سے فاصلہ تقریباً 357,218 کلومیٹر ہوگا۔
سپارکو نے کہا ہے کہ فلکیات کے شائقین پاکستان بھر میں 4 اور 5 دسمبر کی رات اس شاندار منظر کو بآسانی دیکھ سکیں گے۔ سپر مون کا یہ منظر نہ صرف ایک قدرتی خوبصورتی کا منظر پیش کرے گا، بلکہ یہ فلکیات سے متعلق تجربات کرنے والے افراد کے لیے بھی ایک یادگار موقع ثابت ہوگا۔