امریکا میں موسم سرما کا تیسرا طوفان، کئی ریاستیں متاثر

02:18 PM, 3 Dec, 2025

واشنگٹن :امریکا میں ایک ہفتے کے دوران موسم سرما کا تیسرا طوفان آ گیا ہے جس کے باعث کئی ریاستوں میں سرد ہوائیں، بارشیں اور برف باری ہو رہی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق پنسلوینیا، اِلی نوائے، مشی گن اور الاسکا سمیت متعدد ریاستیں اس طوفان سے شدید متاثر ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے اور کئی علاقوں میں شہری گھروں میں محصور ہیں۔

نیویارک میں مختلف مقامات پر 3.5 انچ تک برف پڑ چکی ہے، اور ہوائی اڈوں پر کھڑے طیارے برف سے ڈھک گئے ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہو رہا ہے۔ برف کی زیادتی اور پھسلن کے باعث ریاست انڈیانا کی شاہراہ پر 40 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد حکام نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں بھی آئندہ ہفتے شدید برف باری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری تک گرنے اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں