وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس میں از خود نوٹس کی کاروائی کے دائرہ اختیار پر معاونت طلب کرلی

12:36 PM, 3 Dec, 2025

اسلام آباد : وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف کے قتل کیس میں سوموٹو کارروائی کے دائرہ اختیار سے متعلق قانونی معاونت طلب کرتے ہوئے تفتیش کی پیشرفت رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا ہے کہ تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں اور اس قتل کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے آئینی طور پر کون سے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں  کیس کی سماعت کے دوران، انہوں نے ریمارکس دیے کہ یہ بھی واضح کیا جائے کہ 27 ویں ترمیم کے بعد آیا آئینی عدالت سوموٹو کارروائی جاری رکھنے کا اختیار رکھتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے فریقین کے وکلا کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر اس اہم قانونی سوال پر معاونت فراہم کی جائے، کیونکہ عدالت کو نہ صرف کارروائی کو ریگولیٹ کرنا ہے بلکہ دائرہ اختیار بھی دیکھنا ہے، کیونکہ آئینی عدالت بغیر سماعت کے کوئی کیس نہیں چلا سکتی۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ سوموٹو نوٹس کا مقصد وہی ہونا چاہیے جس کے لیے یہ کارروائی شروع کی گئی تھی۔ دوران سماعت، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کچھ عدالتی نظائر موجود ہیں جن کے مطابق آئینی عدالت سوموٹو کارروائی کو آگے بڑھا سکتی ہے۔

آخرکار، عدالت نے قتل کی تحقیقات سے متعلق تازہ پیشرفت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں