کراچی میں معصوم بچے کی موت کا سبب کھلا مین ہول قرار...تحقیقاتی رپورٹ جاری

03:19 PM, 3 Dec, 2025

کراچی:گلشن اقبال کے علاقے نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کی کے ایم سی (Karachi Metropolitan Corporation) کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں واقعے کا ذمہ دار ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔

کے ایم سی کی جانب سے سیکریٹری محکمہ بلدیات کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق بچہ ایک نجی سٹور کے سامنے کھلے مین ہول میں گرا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر بچے کی تلاش کا آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا، جس کے دوران بچے کی لاش گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے برآمد ہوئی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ بی آر ٹی کی جاری کھدائی اور اس دوران نکاسی کے نظام کو پہنچنے والا شدید نقصان تھی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بی آر ٹی ٹیم نے گٹروں کو بند رکھنے کے لیے صرف 2 فٹ کے عارضی اور غیرمعیاری کور استعمال کیے، جو ناکافی ثابت ہوئے۔

کے ایم سی کے مطابق ریڈ لائن منصوبے کے تحت ایک مقام پر مین ہول مکمل طور پر کھلا چھوڑ دیا گیا تھا، جبکہ یہ ڈھکن اور طریقہ کار کے ایم سی کے معیار کے مطابق نہیں تھے۔ مزید یہ کہ منصوبے کے آغاز سے قبل بی آر ٹی انتظامیہ نے کے ایم سی کو اعتماد میں نہیں لیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کھدائی بی آر ٹی نے کی تھی اور بعد ازاں صورتحال کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، جبکہ نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کی انتظامیہ کی غفلت بھی حادثے میں شامل رہی۔

کے ایم سی کے مطابق واقعے کے بعد افسران کی نگرانی میں تمام کھدائی شدہ حصوں کو بھر کر محفوظ بنا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں