پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی، ستھرا پنجاب اور ٹریفک قوانین پر اقدامات جاری: مریم اورنگزیب

03:42 PM, 3 Dec, 2025

لاہور :پنجاب حکومت نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر رکھی ہے اور صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف تاریخ کے سخت ترین کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کی براہِ راست نگرانی وزیراعلیٰ پنجاب خود کر رہی ہیں۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کوئی بھی منشیات فروش چاہے کتنا بھی بااثر ہو، حکومت اسے نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانا عالمی سطح پر جرم ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں چھوٹے بچے جو رکشہ چلا رہے ہیں، وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، جس پر فوری طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کی عالمی سطح پر تعریفیں ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں رواں سال صوبے میں سموگ میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

مزیدخبریں