لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو قانون بننے تک اوبراور کریم ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے اے ون کار کمپنی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔عدالت میں درخواست گزارنے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے 15 روز میں قواعد و ضوابط مکمل کرنے کا حکم دیا ہے لیکن ابھی تک نہ تو قانون سازی ہوئی ہے اور نہ ہی کسی قسم کے رولز بنائے گئے ہیں نہ ہی لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ کار بتایا گیا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے ٹیکسی سروس کے خلاف ممکنہ کاروائی کی جا رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت پنجاب حکومت کو کارروائی سے روکنے کاحکم جاری کرے جسٹس شاہد وحید نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت کوٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور ایک ہفتے میں تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔