چین کا بیک وقت 10جوہری ہتھیار لے جانیوالے میزائل کا تجربہ

07:18 PM, 3 Feb, 2017

بیجنگ : چین کی فوج نے بین البراعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جدید میزائل بیک وقت دس جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔چین کی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق چین نے ایک ایسے بین البراعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس میں دس ایٹمی وار ہیڈ نصب کئے جا سکتے ہیں۔

 چین نے ڈونگ فانگ قسم کے اس بین البراعظمی میزائل کا تجربہ شمالی چین کے تای یوان خلائی مرکز سے کیا ہے۔ چین نے یہ میزائلی تجربہ ایسے عالم میں کیا ہے کہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد چین اور امریکہ کے تعلقات بدترین دور سے گذر رہے ہیں۔امریکہ کی نئی حکومت کے اس اعلان کے بعد کہ چین کو بحیرہ جنوبی چین کے جزائر کے نزدیک ہونے سے روکا جائے گا۔چین کی وزارت خارجہ نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ علاقے میں اپنے اقدامات کی بابت ہوشیار رہے، امریکا کا خیال ہے کہ چین کے ایٹمی گودام میں 250 ایٹمی وار ہیڈ ہیں اور اس نئے میزائلی تجربے کے پیش نظر اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے.

مزیدخبریں