امید ہے کہ ویکسی نیشن سے تمام پاکستانی پوری طرح مستفید ہوں گے، اسد عمر

All Pakistanis will benefit from the vaccination, Asad Umar
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ویکسی نیشن سے تمام پاکستانی پوری طرح مستفید ہوں گے۔ مشکل صورتحال میں چین کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی (این سی او سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں نے کورونا کیخلاف مل کر کام کیا ہے۔ ہمارے اصل ہیرو ہیلتھ ورکرز ہیں جنہوں نے جان خطرے میں ڈال کر کام کیا۔ وزارت صحت نے وبا سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ تمام وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تقریب اتحاد کا مظہر ہے۔ سابق معاون خصوصی ظفر مرزا کا بھی شکر گزار ہوں۔ اللہ نے بہت کرم کیا مشکل حالات میں بہتر نتائج حاصل کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز قوم کے ہیرو ہیں۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے نے جانیں خطرے میں ڈال کر قوم کیلئے خدمات انجام دیں۔ ملک پر مشکل وقت میں سب مل کر کام کرتے ہیں۔

وبائی صورتحال میں پاکستان کی مثبت حکمت عملی کارفرما رہی۔ عوام کے تعاون اور حکومت کی کوششوں سے عالمی وبا پر قابو پایا۔ اب ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ امید ہے ویکسی نیشن سے تمام پاکستانی پوری طرح مستفید ہوں گے۔ چین نے اس مرتبہ بھی مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور دوستی کا حق ادا کیا، اس کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔