راولپنڈی : اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی (آئی ایم سی ٹی سی) کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آئی ایم سی ٹی سی کا 17 رکنی وفد 2 سے 6 فروری تک پاکستان کے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں انتہا پسند عناصر کے دوبارہ انضمام اور بحالی کے موضوع پر ایک ہفتہ کی تربیت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، خاص طور پر علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ اور رکن ممالک کے درمیان صلاحیتوں کی تعمیر پر زور دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آئی ایم سی ٹی سی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس اتحاد کا مقصد اسلامی دنیا میں استحکام کو فروغ دینا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو تقویت دینا ہے۔ میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایم سی ٹی سی 43 ممالک پر مشتمل ایک فوجی اتحاد ہے، جو سعودی عرب کی قیادت میں 2015 میں قائم کیا گیا تھا تاکہ مسلم ممالک کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکے۔ اس اتحاد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی، افغانستان، مصر، اردن، قطر، فلسطین، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش اور دیگر مسلم ممالک شامل ہیں۔
پاکستان اور آئی ایم سی ٹی سی کے درمیان اس ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مزید ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔