"بلوچستان کے دہشت گرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں": وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھارت اور افغانستان کو سخت جواب

03:38 PM, 3 Feb, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکست خوردہ بھارت اب افغانستان کے راستے پراکسی وار (Proxy War) کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنا رہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے دراصل افغانستان کے ایجنٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر دہشت گردی کے ذریعے ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
 بھارت براہِ راست جنگ میں شکست کھانے کے بعد اب افغانستان کے ذریعے اپنی پراکسیز کو پاکستان میں جارحیت کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ   ہم بلوچ قوم کی مدد اور تعاون سے بھارت اور افغانستان کے ان ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے اور دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔خواجہ آصف کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سکیورٹی کی صورتحال پیچیدہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں