پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی ریکارڈ فروخت، مالیت میں 149 فیصد تاریخی اضافہ

09:59 PM, 3 Feb, 2026

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اپنی مقبولیت اور تجارتی اہمیت کا لوہا منواتے ہوئے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ لیگ کے 11ویں سیزن کے لیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 149 فیصد ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے پی ایس ایل کو پاکستان کا بلا شرکتِ غیرے سب سے بڑا اسپورٹس برانڈ ثابت کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، پی ایس ایل 11 کے لیے عالمی میڈیا حقوق (بھارت کے علاوہ) حاصل کرنے کا اعزاز 'ولی ٹیکنالوجی' نے حاصل کیا ہے۔ مذکورہ کمپنی نے پی سی بی کی جانب سے مقرر کردہ ریزرو پرائس سے بھی کہیں زیادہ کی بولی لگا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ معاہدہ نہ صرف مالی طور پر مستحکم ہے بلکہ لیگ کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی رسائی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا"ہم بین الاقوامی میڈیا حقوق کی فروخت کے نتائج سے بے حد خوش ہیں۔ 149 فیصد اضافہ پی ایس ایل کے برانڈ، اس کے مقابلے کے معیار اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ معاہدہ لیگ کی طویل المدتی تجارتی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
2016 میں اپنے آغاز سے لے کر اب تک، پی ایس ایل نے اسپانسرشپس، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور میڈیا رائٹس میں مسلسل ترقی دکھائی ہے۔ حالیہ اضافہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پی ایس ایل اب دنیا کے نمایاں ترین ٹی 20 ٹورنامنٹس کی فہرست میں اپنی جگہ پکی کر چکی ہے۔ پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کا عزم ہے کہ وہ براڈکاسٹ کو مزید جدید بنا کر دنیا بھر کے شائقین کو بہترین تجربہ فراہم کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں