انڈر 19 ورلڈ کپ: انگلینڈ آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعدہراکر فائنل میں پہنچ گیا،دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور افغانستان کے درمیان ہوگا

10:33 PM, 3 Feb, 2026

بلاوائیو : انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 27 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم نے بہترین حکمت عملی اور شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
میچ کا آغاز انگلینڈ کی بیٹنگ سے ہوا جہاں کپتان تھامس ریو نے میدان کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 110 رنز کی برق رفتار اننگز سے اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 277 رنز کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ کیلب فیلکونر نے بھی 40 رنز کا اہم حصہ ڈالا۔
ہدف کے تعاقب میں کینگروز کی شروعات اچھی نہ تھی، تاہم آسٹریلوی کپتان اولیور پیک نے مزاحمت جاری رکھی اور 100 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں۔ ان کے علاوہ نتیس سیموئل 47 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ انگلش بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز منٹو، سیباستین مورگن، رالفائے ایلبرٹ اور مینی لمسڈین نے تباہ کن بولنگ کی اور آسٹریلیا کے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انگلش بولرز نے ڈیتھ اوورز میں بہترین لائن اور لینتھ برقرار رکھ کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔
ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کرکٹ شائقین اب اس انتظار میں ہیں کہ فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا یا افغانستان کی ٹیم کوئی بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہے گی۔

مزیدخبریں