پی ڈی ایم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، شاہ محمود قریشی

پی ڈی ایم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، شاہ محمود قریشی
کیپشن: پی ڈی ایم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، شاہ محمود قریشی
سورس: فائل فوٹو

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان کے خلاف بھارت کی ساری کی ساری منصوبہ بندیاں بے نقاب ہو گئی ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر خارجہ نے کہا اللہ پاک ہمارے ملک کو اندرونی انتشار سے دور رکھے اور ای یو ڈی انفو لیب کے ذریعے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ بھارت کی پاکستان کے خلاف بنائی جانے والی منصوبہ بندیوں کا پردہ بھی پوری دنیا کے سامنے چاک ہو گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈوزئیر کی شکل میں ہندوستان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا اور بھارت کے ان ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشہیر کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا معیشت کا پہیہ چلے گا تو ہی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے فیصل آباد میں اس وقت لیبر نہیں مل رہی لیکن پی ڈی ایم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ ملک میں خوشحالی آئے۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد تحریک انصاف نے رکھ دی ہے اور ہم اگر رہیں یا نہیں یہ صوبہ بن کے رہے گا اور جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ ملتان میں ہی قائم ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا ہم معاہدوں کے وعدے نہیں ان کی تکمیل کرتے ہیں اور ملتان کا مدنی چوک کا فلائی اوور ایک سال میں مکمل کر دیا جائے گا جس کی منظوری ہو چکی ہے اور یہ منصوبہ 41 کروڑ 64 لاکھ روپے میں مکمل ہو گا۔ اس مطالبے کے لئے احتجاج ہوئے ، سڑکیں بند کی گئیں اور یہاں راستے کی بندش کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا۔