محمد حفیظ ابھی مزید کھیلنا چاہتے تھے: شاہد آفریدی

محمد حفیظ ابھی مزید کھیلنا چاہتے تھے: شاہد آفریدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ محمد حفیظ ابھی پاکستان کیلئے مزید کھیلنا چاہتے تھے، تاہم اس بات کی خوشی ہے کہ سینئر آل راﺅنڈر نے ریٹائرمنٹ کے معاملے کو کسی بڑے تنازع میں تبدیل نہیں کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ کی پریس کانفرنس ٹی وی پر دیکھی اور ان کے روئیے سے واضح تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے مزید کھیلنا چاہتے ہیں مگر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔ 
سابق کپتان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں فرق پر بات کی ہے اور میرے خیال میں محمد حفیظ کیساتھ بھی بالکل ایسا ہی ہوا ہے، تاہم مجھے خوشی ہے کہ محمد حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو کسی بڑے تنازع میں تبدیل نہیں کیا۔ 
شاہد آفریدی نے محمد حفیظ کے کیرئیر کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری قیادت میں انہوں نے کئی میچز میں میچ وننگ کارکردگی دکھائی جس پر انہیں، ان کے اہل خانہ اور والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 
واضح رہے کہ محمد حفیظ نے 392 بین الاقوامی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 ہزار 780 رنز بنائے اور 253 وکٹیں بھی حاصل کی جبکہ وہ ٹیم کے لیے 32 مرتبہ مین آف دی میچ بھی رہے۔ 

مصنف کے بارے میں