صدر مادورو کی گرفتاری کا دعویٰ، وینزویلا کی نائب صدر کا شدید ردِعمل

05:38 PM, 3 Jan, 2026

کراکس:وینزویلا پر امریکی فوجی حملے اور مبینہ ملٹری آپریشن کے دوران صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے دعوؤں کے بعد ملک کی نائب صدر دَلسی رودریگیز کا پہلا سرکاری بیان سامنے آ گیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق نائب صدر دَلسی رودریگیز نے سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اب تک صدر نکولس مادورو اور خاتونِ اوّل سیلیا فلورس کے بارے میں کوئی مستند معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت صدر اور ان کی اہلیہ کی موجودگی اور حالتِ صحت کے بارے میں جاننے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے، تاہم تاحال کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

نائب صدر نے امریکی فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور سنگین سامراجی جارحیت قرار دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کے زندہ ہونے کے شواہد فوری طور پر پیش کیے جائیں۔

دَلسی رودریگیز کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں سے متعدد سرکاری اہلکاروں، فوجیوں اور شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ قومی سطح پر شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں