واشنگٹن : پہلگام واقعے پر کواڈ ممالک (بھارت، امریکا، جاپان، آسٹریلیا) نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں واقعے کی مذمت تو کی گئی ہے، لیکن پاکستان کا نام کہیں نہیں لیا گیا۔ یہ پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے سی این بی سی کے مطابق، کواڈ ممالک نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا، مگر بھارت کی توقعات کے برعکس نہ پاکستان پر انگلی اٹھائی گئی، نہ ہی اسے حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔
یہ بیان نہ صرف بھارت کے الزامات کی عالمی سطح پر عدم قبولیت کا ثبوت ہے بلکہ اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ عالمی برادری حقائق اور شواہد پر یقین رکھتی ہے، نہ کہ صرف الزامات پر۔
بھارت کی یہ کوشش کہ وہ پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑ کر کواڈ جیسے اہم فورمز پر بدنام کرے، ایک بار پھر ناکام ہو گئی۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی طرح کواڈ نے بھی غیر جانبدار مؤقف اپنایا، جس سے پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی کو تقویت ملی ہے۔