سام سنگ کا اے آئی فیچرز سے لیس نیا فون متعارف

04:17 PM, 3 Jul, 2025

سیئول: سمارٹ فونز بنانے والی معروف جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے اپنی مقبول ایم سیریز کا نیا فون Galaxy M36 متعارف کرا دیا ہے، جو جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) فیچرز سے لیس ہے اور اسے کمپنی کا ایک معیاری اور طاقتور فون قرار دیا جا رہا ہے۔

اس نئے ماڈل کو 6.7 انچ کی بڑی سکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جبکہ یہ دو مختلف ریم ماڈیولز — 6 جی بی اور 8 جی بی — کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ فون کی سٹوریج بھی دو آپشنز میں دی گئی ہے، جن میں 128 جی بی اور 256 جی بی شامل ہیں۔

 طاقتور بیٹری اور جدید چارجنگ سپورٹ
Galaxy M36 میں 5000 ایم اے ایچ کی مضبوط بیٹری دی گئی ہے، جسے 25 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ چارج کیا جا سکے گا، جو مصروف زندگی میں جلد چارجنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

 بہتر کیمرا اور AI فیچرز کا امتزاج
فون کے پچھلے حصے پر تین کیمرے دیے گئے ہیں جن میں50 میگا پکسل کا مین کیمرا ، 8 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل لینس، 2 میگا پکسل کا ڈیپتھ سنسر شامل ہیں ۔ جبکہ فرنٹ پر 13 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کیمرا سسٹم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور اس میں گوگل جیمنائی سمیت متعدد AI ٹولز بھی شامل کیے گئے ہیں جو تصویر اور ویڈیو کے معیار کو بہتر بناتے ہیں۔

سیکیورٹی اور ڈیزائن
سام سنگ ایم 36 میں فنگر پرنٹ سینسر سمیت جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ فون کو متعدد رنگوں میں متعارف کرایا گیا ہے تاکہ صارفین اپنی پسند کے مطابق انتخاب کر سکیں۔

کمپنی نے ابتدائی طور پر Galaxy M36 کو چند ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، تاہم توقع ہے کہ یہ فون جولائی کے پہلے عشرے کے بعد پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوگا۔

اگرچہ کمپنی نے قیمت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج ماڈل کی قیمت تقریباً 90 ہزار روپے جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی ماڈل کی قیمت سوا لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں