ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل میں خرابی، ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر

12:05 AM, 3 Jul, 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 (SMW-5) سب میرین کیبل میں فنی خرابی کے باعث ملک میں انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس سے بعض صارفین کو سروس کی رفتار اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خرابی کی اصل وجہ جاننے کے لیے تکنیکی ماہرین تحقیقات اور بحالی کے کام میں مصروف ہیں تاکہ مسئلہ جلد از جلد حل کیا جا سکے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ متاثرہ انٹرنیٹ ٹریفک کو عارضی طور پر متبادل بین الاقوامی نیٹ ورک لنکس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے، تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا گیا ہے تاکہ خرابی کو جلد دور کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے اور کنیکٹیویٹی متاثر ہونے کی متعدد شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد پی ٹی اے نے سب میرین کیبل میں خرابی کی تصدیق کی ہے۔

مزیدخبریں