اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ایران کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ اہم سرکاری اور سفارتی مصروفیات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ایران میں اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف 4 جولائی کو ترکیہ روانہ ہوں گے جہاں ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات شیڈول ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم انقرہ میں بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع پر گفتگو کی جائے گی۔