یوٹیوب شارٹس میں صارفین کے لیے نئے فیچرز متعارف

05:35 PM, 3 Jul, 2026

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے شارٹس ویڈیوز کے تجربے کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے صارفین اب تصاویر کی مدد سے بھی آسانی سے مواد تخلیق کر سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی شارٹس کو بتدریج انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کی طرز پر مزید جدید بنا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں اب صارفین زیادہ سے زیادہ 10 تصاویر پر مشتمل سلائیڈ شو نما پوسٹس تیار کر سکیں گے۔

نئے فیچرز کے تحت تصاویر پر ٹیکسٹ شامل کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جبکہ 15 سیکنڈ تک بیک گراؤنڈ میوزک لگانے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ اس طرح صارفین کو ہر بار مکمل ویڈیو تیار کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ صرف تصاویر کے ذریعے بھی اپنے ناظرین کی توجہ حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو شارٹس فیڈ میں تصویری کہانیاں اور یادگار لمحات زیادہ آسانی سے شیئر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ نیا فیچر کافی حد تک انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کے امیج پوسٹس سے مشابہ ہے، جہاں اس طرز کا مواد پہلے ہی بے حد مقبول ہے۔

چند روز قبل یوٹیوب نے شارٹس کے انٹرفیس میں بھی کئی تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔ ان میں ایک نیا کلیئر اسکرین موڈ شامل ہے، جو ویڈیو دیکھتے وقت اسکرین پر موجود آئیکونز اور تحریر کو عارضی طور پر چھپا دے گا تاکہ صارفین بغیر کسی رکاوٹ کے ویڈیو دیکھ سکیں۔

اس کے علاوہ اب شارٹس ویڈیوز کو دو گنا رفتار سے چلانے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے مختصر ویڈیوز کو مزید تیزی سے دیکھا جا سکے گا۔

کمپنی نے لائیک بٹن میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے تھمبز اپ کی جگہ ہارٹ آئیکون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ڈس لائیک بٹن کو ختم کیا جا رہا ہے۔ اس کی جگہ صارفین Not Interested اور Don't Recommend This Channel جیسے نئے آپشنز استعمال کر سکیں گے۔

مزیدخبریں