اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کی روک تھام کے لیے نئے ڈیمز بنانا بہت ضروری ہے کیونکہ ہماری معیشت کی خود انحصاری کا انحصار سستی بجلی اور زراعت پر ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں دیامیر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل سے متعلق امور پر بات ہوئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں توانائی کی پیداوار بڑھانے اور پانی کے ذخائر کو مؤثر بنانے کے لیے دیامیر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور ان کے راستے میں آنے والی تمام مشکلات کو جلد از جلد ختم کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا، زراعت کے لیے پانی کی فراہمی اور سیلاب کی روک تھام کے لیے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پانی کے ذخیرے بڑھانا اور اس کا بہتر استعمال بہت ضروری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، امیر مقام، اعظم نذیر تارڑ، معین وٹو، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔