ملیر جیل سے قیدیوں کا فرار، آئی جی جیل خانہ سندھ برطرف، ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ معطل

03:18 PM, 3 Jun, 2025

کراچی: ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے سنگین واقعے پر سندھ حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سندھ کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ ڈی آئی جی جیل اور  سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی شفاف انکوائری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو قیدیوں کے فرار کے پس منظر، غفلت یا سازش کے پہلوؤں کی تحقیقات کرے گی۔

شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ جو قیدی 24 گھنٹوں کے اندر خود کو واپس جیل حکام کے حوالے کریں گے، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ تاہم، جو قیدی واپس نہیں آئیں گے، انہیں 7 سال تک کی اضافی قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق فرار ہونے والے قیدی سنگین جرائم میں ملوث نہیں تھے بلکہ چھوٹی موٹی چوری یا منشیات کے عادی تھے، مگر اس واقعے نے جیلوں کے سیکیورٹی نظام پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مفرور قیدیوں کی فوری گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائی کرے۔

مزیدخبریں