غزہ میں امداد کے منتظر نہتے شہریوں پر اسرائیلی بمباری، درجنوں افراد شہید

03:41 PM, 3 Jun, 2025

غزہ : غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعے میں اسرائیلی افواج نے امداد کے حصول کے لیے جمع نہتے فلسطینی شہریوں پر بمباری کر دی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید ہو گئے۔ فلسطینی حکام کے مطابق یہ حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا، جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فضائی بمباری کی گئی۔

یہ واقعہ جنوبی شہر رفح میں ایک امدادی مرکز کے قریب پیش آیا، جہاں بھوک سے نڈھال شہری آٹا اور خوراک لینے کے لیے جمع تھے۔ شہید ہونے والوں میں حسام وافی نامی ایک شخص بھی شامل ہے، جو چھ بچیوں کا باپ تھا اور اپنے بچوں کے لیے خوراک لینے آیا تھا۔ اس حملے میں حسام کے بھائی اور بھتیجا بھی مارے گئے۔

حسام کی ماں نہلہ وافی نے غم سے نڈھال ہو کر کہا: "وہ صرف اپنی بیٹیوں کے لیے روٹی لینے گیا تھا، مگر لاش بن کر واپس آیا۔"

فلسطینی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اس حملے میں کم از کم 31 افراد شہید ہوئے۔ بمباری سے غزہ کا واحد ڈائیلاسز ہسپتال بھی تباہ ہو گیا ہے، جہاں کئی مریضوں اور عملے کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔

اقوام متحدہ نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی امدادی ادارے بھی بھوکے اور پیاسے شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی ڈائریکٹر سنڈی مکین نے فوری جنگ بندی اور امداد تک رسائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ: "ہمیں ہر بھوکے فلسطینی تک خوراک پہنچانے کی اجازت دی جائے۔"

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھی غزہ کی صورتِ حال کو "انتہائی تشویشناک" قرار دیتے ہوئے فوری امدادی رسائی پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

مزیدخبریں