اٹلی میں آتش فشاں  ماؤنٹ اٹنا نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ، زہریلی گیسوں، دھویں اور آتش فشانی راکھ کے بادل فضا میں بلند 

03:45 PM, 3 Jun, 2025

روم: یورپ کے سب سے بڑے آتش فشاں ماؤنٹ اٹنا سے زہریلی گیسیں، راکھ اور دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہو گئے ہیں، جو تقریباً 6.5 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچ چکے ہیں۔ اس کے نتیجے میں اطالوی ایوی ایشن اتھارٹی نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اطالوی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف جیوفیزکس اینڈ والکینولوجی (INGV) کے مطابق، دھویں کا اخراج مقامی وقت صبح 11:24 پر شروع ہوا۔ اس دوران ایک خطرناک آتش فشانی مظہر، پیروکلاسٹک بہاؤ، بھی ریکارڈ کیا گیا، جو گرم گیسوں، چٹانوں اور راکھ کا تیز رفتار مرکب ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ راکھ اور دھوئیں کے بادل جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہے ہیں۔ قریبی کاتانیا ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن فی الحال جاری ہے لیکن صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

ابھی تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حکام نے علاقے کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے ہنگامی تیاریوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

ماؤنٹ اٹنا دنیا کے سرگرم ترین آتش فشاں میں شمار ہوتا ہے اور اس کی حالیہ سرگرمی نے ایک بار پھر علاقے کی حساس صورتحال کو اجاگر کیا ہے۔

مزیدخبریں