ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز اضافہ

06:58 PM, 3 Jun, 2025

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث زیورات کی خریداری مہنگی ہو گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ 24 قیراط خالص سونے کی فی تولہ قیمت میں 1,000 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 54 ہزار 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 857 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 3 ہزار 583 روپے کا ہو گیا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 786 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 78 ہزار 294 روپے تک پہنچ گئی۔

ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 130 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 586 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 112 روپے بڑھ کر 3 ہزار 74 روپے ریکارڈ کی گئی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا، جہاں فی اونس سونا 10 ڈالر بڑھ کر 3,357 ڈالر ہو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جب فی تولہ سونا 5,900 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 53 ہزار 100 روپے پر جا پہنچا تھا، جبکہ 10 گرام سونا 5,058 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 2 ہزار 726 روپے کا ہو گیا تھا۔

 
 

مزیدخبریں