سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات ، سوراب میں ماسک اور ڈبل سواری پر پابندی

09:26 PM, 3 Jun, 2025

سوراب :بلوچستان کے ضلع سوراب میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ماسک پہننے یا چہرہ ڈھانپنے اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ضلع میں بڑھتی ہوئی مشتبہ سرگرمیوں کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، فتنہ الہندوستان کے خلاف بڑا آپریشن متوقع ہے، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں نے سوراب میں مشکوک نقل و حرکت اور دہشت گردی کے خطرات کی نشاندہی کی ہے۔ اس کے بعد ضلعی حکام نے حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے یہ پابندیاں نافذ کی ہیں۔

گزشتہ دنوں سوراب میں دہشت گرد حملے میں اے ڈی سی ہدایت اللہ بلیدی شہید ہوئے، جن کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس واقعے کے بعد سکیورٹی ادارے مزید چوکنا ہو گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں

مزیدخبریں