بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا مشن، طارق فاطمی کی روسی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات

09:44 PM, 3 Jun, 2025

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ  طارق فاطمی روس کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا ایک اہم خط روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نام حوالے کیا۔

حکومتی حکمتِ عملی کے تحت یہ دورہ بھارت کو عالمی سطح پر سفارتی طور پر بے نقاب کرنے کے مشن کا حصہ ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، توانائی، تجارت، روابط، اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

 طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو جنوبی ایشیا میں کشیدہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی کے ممکنہ خطرناک نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی بندش جیسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس انسداد دہشت گردی، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے نیو سٹیل ملز کے قیام سمیت اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں