ملک بھر میں طوفانی بارشیں، مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق، زخمیوں کی تعداد 140 سے تجاوز

10:15 AM, 3 Jun, 2026

کراچی، لاہور، پشاور:ملک کے تینوں صوبوں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں موسم نے اچانک ہولناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ شدید مٹی کے طوفان، اندھیر اور تیز ترین بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران 5 افراد جاں بحق اور 140 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ طوفان کی شدت کے باعث کئی شہروں میں چھتیں، دیواریں، سائن بورڈز، سولر پلیٹیں اور درخت گرنے کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ کے اضلاع نواب شاہ، ٹنڈو الہ یار، نوشہرو فیروز، خیرپور اور دادو میں دن کے وقت اندھیرا چھا گیا اور مٹی کا شدید طوفان آیا۔ دادو اور اس کے گردونواح میں طوفان کی وجہ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 120 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بیشتر سائن بورڈز اور درخت گرنے کی زد میں آئے۔
    مٹی کے طوفان کے باعث حدِ نگاہ (Visibility) صفر ہو گئی، جس سے ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا۔ روجھان میں سولر پلیٹیں اور رحیم یار خان میں مسجد کا گنبد گر گیا۔پنجاب کے اضلاع میں بھی تیز ہواؤں نے شدید مالی و جانی نقصان پہنچایا۔  روجھان میں تیز اندھیر کے باعث گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پینلز اکھڑ کر گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
 رحیم یار خان میں تیز ہوا کے دباؤ سے ایک مسجد کا گنبد اچانک زمین بوس ہو گیا، جس کے ملبے تلے دب کر ایک نمازی جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 14 سالہ نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی طوفانی ہواؤں کے باعث کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔
تمام متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ریسکیو اہلکار زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتا ہے، اس لیے شہری محتاط رہیں۔

مزیدخبریں