گلگت بلتستان انتخابات نے وفاقی بجٹ کا شیڈول بدل دیا: حتمی تاریخ کا تعین نہ ہوسکا، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی مؤخر

12:35 PM, 3 Jun, 2026

اسلام آباد :ملک کی سیاسی مصروفیات اور گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیوں کے باعث وفاقی بجٹ کے شیڈول میں غیر معمولی ردوبدل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، انتخابی مہم اور مصروفیات کی وجہ سے بجٹ کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں، جس کے بعد اب وفاقی بجٹ گلگت بلتستان کے انتخابات کے انعقاد کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی حکومت تاحال بجٹ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
بجٹ شیڈول میں ہونے والی اس بڑی تبدیلی کے معاشی اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔وفاقی اور صوبائی ترقیاتی بجٹ کی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا آج ہونے والا اہم ترین اجلاس اچانک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
 معاشی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاریخوں میں تبدیلی کی ایک وجہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے ساتھ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) اور بجٹ خسارے پر جاری سخت مذاکرات بھی ہیں، جو اب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
شیڈول میں تاخیر کے باوجود وزارتِ خزانہ کی جانب سے بجٹ کی اندرونی تیاریاں جاری ہیں۔    حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی فنڈز، ٹیکس آمدن اور مہنگائی کی شرح کو قابو میں رکھنے کے لیے اہم معاشی اہداف تجویز کر دیے ہیں۔    ذرائع کے مطابق، بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے آنے والے چند دن انتہائی اہم ہیں، جن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اہم ترین فیصلے اور سیاسی مشاورت متوقع ہے۔
 معاشی ماہرین کے مطابق، بجٹ شیڈول کا گلگت بلتستان کے انتخابات اور آئی ایم ایف مذاکرات کے باعث متاثر ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت اس وقت شدید سیاسی اور معاشی دباؤ کا شکار ہے، جہاں وہ کوئی بھی ایسا فیصلہ کرنے سے کتراتی ہے جس کا اثر انتخابی نتائج یا آئی ایم ایف پروگرام پر پڑے۔

مزیدخبریں