نواز شریف کی انٹری سے گلگت کا سیاسی منظرنامہ بدل گیا، 7 جون کو ہر طرف شیر دھاڑے گا": صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

02:20 PM, 3 Jun, 2026

لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گلگت بلتستان کے انتخابی میدان میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپور کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی انتخابی مہم میں انٹری نے گلگت کا پورا سیاسی منظرنامہ تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اب دلفریب نعروں کا شکار نہیں ہوں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس خطے میں حقیقی ترقیاتی کام صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) نے کروائے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن جماعتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ یہاں کے معصوم عوام کے جذبات سے کھیلا اور جھوٹے وعدوں پر ٹرخایا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو گلگت بلتستان کے حالیہ دورے کے دوران وہاں کے غیور عوام کی طرف سے جو پیار، محبت اور عزت ملی ہے، وہ تاریخ کا حصہ بن چکی ہے اور ناقابلِ فراموش ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے آئندہ اتوار، 7 جون کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا    "گلگت بلتستان کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ اب 7 جون کو جب انتخابی دنگل ہوگا، تو وہاں افواہیں پھیلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی اور ہر طرف صرف 'شیر' دھاڑتا ہوا نظر آئے گا۔ مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے خطے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔"
 سیاسی ماہرین کے مطابق، عظمیٰ بخاری کا یہ جارحانہ بیان گلگت بلتستان کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی گہری دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔ وفاقی بجٹ کے شیڈول میں ہونے والی حالیہ تبدیلی اور گلگت بلتستان کے انتخابات کا آپس میں گہرا لنک ہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اس الیکشن کو اپنی سیاسی ساکھ کے لیے انتہائی اہم تصور کر رہی ہے۔

مزیدخبریں